Thursday, March 28, 2024
ہومدلچسپنوسرباز نے بھارتی حکام کو بیوقوف بنا دیا، جعلی افسر بن کر پروٹوکول کے مزے لوٹتا رہا

نوسرباز نے بھارتی حکام کو بیوقوف بنا دیا، جعلی افسر بن کر پروٹوکول کے مزے لوٹتا رہا

سرینگر:بھارت میں ایک نوسرباز نے بھارتی حکام کو بیوقوف بنا لیا، تین مرتبہ، فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام، بلٹ پروف گاڑیوں، ہائی لیول سکیورٹی اور سرکاری پروٹوکول میں مقبوضہ کشمیر کی سیاحت کے مزے لوٹتا رہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے خود کو وزیراعظم نریندر مودی کے آفس کا اعلی افسر ظاہر کرکے مقبوضہ کشمیر میں ہائی لیول سکیورٹی میں کشمیر گھومنے والے جعلی افسر کو گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن پٹیل نامی شخص 2 مارچ کو تیسری مرتبہ مقبوضہ کشمیر میں سیاحت کیلئے پہنچا تھا، اگلے روز اسے جعلسازی اور دھوکہ دہی سمیت دیگر الزامات میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق کرن پٹیل ٹوئٹر پر ویریفائیڈ اکانٹ کے حامل اور اپنے فالوورز کیلئے خود کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا اکانٹس سے کشمیر کے سرکاری دورے کے کیپشن سے شیئر کی گئی تصاویر میں وہ پیرا ملٹری گارڈز کے حفاظتی کے حصار کے درمیان نظر آتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرن پٹیل نے اپنی دورے کا مقصد بتایا تھا کہ مرکزی حکومت نے انہیں جنوبی کشمیر میں سیبوں کے باغات کے خرید و فروخت سے متعلق بات چیت کرنے کیلئے بھیجا ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ کشمیر کے برفانی کھیلوں سے متعلق معروف مقام گلمرگ کے ایک دورے کے موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت نے انہیں ٹورازم کے فروغ کیلئے یہاں ہوٹلوں کی سہولیات میں بہتری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے بھیجا ہے۔ اپنے دوروں کے دوران کرن پٹیل نے خود کو وزیر اعظم آفس کا اعلی افسر ظاہر کیا تھا جس کے بعد مقامی حکام کی جانب سے انہیں فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام، بلٹ پروف گاڑیاں، ہائی لیول سکیورٹی اور فل پروف سرکاری پروٹوکول دیا گیا تھا۔