Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانکراچی کی بہتری کیلئے وفاق اورسندھ کومل کر چلنا ہوگا،وزیراعظم

کراچی کی بہتری کیلئے وفاق اورسندھ کومل کر چلنا ہوگا،وزیراعظم

کراچی(آئی پی ایس )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کی بہتری کیلئے وفاق اور سندھ کو مل کر چلنا ہو گا، شہروں پر دبا ہے، تمام سیاسی اختلافات بھلا کر مستقبل کی پلاننگ کرنا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی سرکلر ریلوے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ منصوبے پر ڈھائی سو ارب روپے لاگت آئے گی۔افتتاحی تقریب کا انعقاد کراچی میں کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔کے سی آر ٹریک کی لمبائی تینتالیس کلومیٹر ہو گی اور33 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبہ اٹھارہ سے چوبیس ماہ میں مکمل ہو گا۔سرکلر ریلوے دو ٹریکس پر چلے گی، ایک ٹریک سٹی اسٹیشن سے شہرکاچکرلگا کر کینٹ اسٹیشن، دوسرا سٹی اسٹیشن سے دھابیجی جائے گا۔سرکلر ٹرین سٹی اسٹیشن سے چلے گی اور سائٹ، گلشن اقبال، گلستان جوہر سے ہوتی ہوئی واپس سٹی اسٹیشن پہنچے گی۔ راستے میں ٹرین کے تیس اسٹاپ ہوں گے۔ٹریک کی لمبائی تینتالیس کلو میٹر ہوگی۔ بائیس کلو میٹر ٹریک ایلی ویٹیڈ پر بنے گا۔ ٹرین کے راستے میں کئی انڈر پاسز بھی بنائے جائیں گے۔کراچی سرکلر ریلوے کے نئے ٹریک پر کوئی پھاٹک نہیں ہوگا، بائیس کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر پر بیس ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ہر چھ منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی، ہر ٹرین میں چار کوچز ہوں گی۔ جن میں 800 سے زائد مسافر سفر کرسکیں گے۔یومیہ تین سے پانچ لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان۔ الیکٹرک ٹرین زیادہ سے زیادہ ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی۔وزیراعظم عمران خان نے کینٹ اسٹیشن پر سرکلر ریلویکا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ نہیں لگایا گیا، کراچی 70 کی دہائی میں ترقی کرنے لگا تو انتشار پھیلا دیا گیا، کراچی کے مسائل سے پورا ملک متاثرہوا ہے۔ اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے۔ کسی بھی شہر کیلئے اس کے ٹرانسپورٹ کانظام اہم ہوتاہے۔