12

مودی حکومت آر ایس ایس اور نازی نظریئے سے متاثر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت آر ایس ایس اور نازی نظریے سے متاثر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بھارتی فوج کی جانب سے سید علی گیلانی کی میت چھننے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 92 سالہ سید علی گیلانی کی میت چھیننا اور پھر ان کے اہلخانہ کے خلاف مقدمات کا اندراج بھارتی فاشزم کی شرمناک مثال ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کشمیر کے سب سے قابل احترام اوراصول پسند رہنما تھے، ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت آرایس ایس اور نازی نظریے سے متاثر ہے۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں کے مابین افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری اعلامیے کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے، صرف جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو تحفظ اور امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے ایکسپو 2020 کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ولی عہد کو مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے ایکسپو 2020 کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گفتگو میں دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں