Friday, April 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد پولیس وارنٹ گرفتاری پر عمل کیلئے 24 گھنٹوں میں زمان پارک جائے گی

اسلام آباد پولیس وارنٹ گرفتاری پر عمل کیلئے 24 گھنٹوں میں زمان پارک جائے گی

اسلام آباد پولیس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کیلئے آئندہ 24 گھنٹوں میں زمان پارک جائے گی۔خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خان کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دو ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کیے ہیں جس کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی ٹیم جب لاہور پہنچی تو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی لے کر نکلے ہوئے تھے لیکن داتا دربار پہنچنے سے قبل ہی بلٹ پروف گاڑی سے مختصر خطاب کر کے واپس چلے گئے۔ داتا دربار پر منتظر کارکن مایوس ہوگئے جبکہ عمران خان نے خطاب میں اتوار کو 2 بجے مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کردیا ہے۔

جب عمران خان ریلی میں مصروف تھے اسلام آباد پولیس، لاہور پولیس کے ساتھ حکمت عملی طے کرنے کیلئے اجلاس کر رہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد پولیس کے افسران کا کئی گھنٹے تک جاری رہنے والا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد سے آنے والی پولیس ٹیم کی مکمل معاونت کی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور پولیس، اسلام آباد پولیس ٹیم کو عمران خان کی رہائش گاہ تک رسائی دینے میں تعاون کرے گی، اسلام آباد پولیس زمان پارک جانے سے پہلے عمران خان کے چیف سکیورٹی افسر سے بھی رابطہ کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کیلئے اسلام آباد پولیس زمان پارک جائیگی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور عدالت نے 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کی دوسری عدالت نے ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔