14

آئی ایم ایف کا ایکبار پھر پاکستان سے بجلی کی قیمت اور ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ

اسلام آباد، پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے درمیان اسٹاف سطح کے مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی کی قیمت، انکم و سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹیز بڑھانے کی تجاویز دے دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا جارہا ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5اعشاریہ 8 ٹریلین روپے سے بڑھا کر 6اعشاریہ 3 ٹریلین روپے مقرر کرنے کی تجویز دی جارہی ہے۔اس نظر ثانی شدہ ہدف کے حصول کے لیے سیلز ٹیکس میں دی جانے والی غیر ضروری چھوٹ ختم کرنے اور اسی طرح انکم ٹیکس میں چھوٹ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی جانب سے مزید ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم اور آئی ایم ایف کی ٹیم کے درمیان مذاکرات اب حتمی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور توقع ہے کہ اسٹاف سطح کے مذاکرات 15 اکتوبر 2021 تک مکمل ہوجائیں گے۔اسی طرح پالیسی سطح کی حتمی بات چیت وزیر خزانہ شوکت ترین اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران کریں گے جس کے لیے وزیر خزانہ شوکت ترین آئندہ منگل کو امریکا کے دورے پر جارہے ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف و عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اہم سائیڈ لائن میٹنگز بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کے دورہ امریکا کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ کی کامیابی سے تکمیل کی صورت میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ نومبر کے اختتام تک پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالرز کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں