Thursday, April 25, 2024
ہومپاکستانن لیگ پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے متحرک، جوڑ توڑ شروع

ن لیگ پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے متحرک، جوڑ توڑ شروع

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ملک کی تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کے عندیے کے بعد مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے متحرک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی 372میں سے 167نشستیں ہیں جبکہ ایک اتحادی ان کے ساتھ ہے، اسی طرح پیپلزپارٹی کے پاس 7 نشستیں ہیں، یوں کل نشستیں 174 تک بن جاتی ہیں۔پنجاب اسمبلی میں پانچ آزاد امیدوار، مسلم لیگ ق کی دس نشستیں، راہ حق پارٹی ایک نشست کے ساتھ پی ٹی آئی کی اتحادی ہے یوں 180 نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پانچ آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے متحرک ہوگئی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں ن لیگ صوبے میں حکومت قائم کرسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت اتحادیوں سے مشاورت کے بعد آزاد امیدواروں سے رابطے کرے گی۔ادھر مسلم لیگ ن کا دعوی ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کی جانب سے استعفے نہیں دیے جائیں گے یوں حکومت سازی کے لیے اپوزیشن مزید مضبوط ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اجلاس جاری ہے اس لیے وزیراعلی پنجاب اور اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروائی جاسکتی ہے، جس کے بعد ووٹنگ کیلئے علیحدہ اجلاس بلایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔