Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانجی بی حکومت اور پی ایچ اے ایف میں کم قیمت اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے فریم ورک طے پا گیا

جی بی حکومت اور پی ایچ اے ایف میں کم قیمت اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے فریم ورک طے پا گیا

اسلام آباد ، گلگت بلتستان حکومت اور پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے درمیان نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت گلگت میں کم متوسط طبقے کیلئے کم قیمت اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے فریم ورک طے پا گیا ، منصوبے کے تحت پہلے فیز میں پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی گلگت میں 120 کنال اراضی پر 1200اپارٹمنٹس تعمیر کرے گی،پہلے فیز میں تین کٹیگریز میں سنگل اور دو بیڈ روم والے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے، اپارٹمنٹس آسان اقساط پر گلگت میں قوت خرید نہ رکھنے والے متوسط افراد کو دیئے جائیں گے جس کیلئے بینکوں کے ذریعے قرضے بھی دیئے جائیں گے ۔
منگل کو یہاں جی بی کے سنیئر وزرا کی موجودگی میںسی ای او پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی عامر محی الدین اور جی بی حکومت کے نمائندے نے فریم ورک پر دستخط کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید علی منوا نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے ، وزیراعظم کے کے ہاوسنگ پروگرام کے ویژن کو پہلی دفعہ گلگت بلتستان میں لاگو کرنے جا رہے ہیں ، ایگریمنٹ کے تحت جی بی میں پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن کو فری آف کاسٹ 120کنال اراضی دی ہے ، ان اپارٹمنٹس میں سے 50فیصد سرکاری ملازمین اور 50فیصد عام عوام کیلئے ہیں ، متوسط طبقے کو کم قیمت پر رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے ،دوسرے فیز میں پروگرام کا دائرہ کار اسکردو ، چلاس اور دیگر اضلاع تک بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حصہ بننا جی بی کی عوام کا درینہ مطالبہ ہے جس پر ہماری حکومت میں کام جاری ہے ،پہلی دفعہ جی بی کی حکومت وفاق کے ساتھ ترقی کے سفر میں شامل ہوئی ہے ، یہ منصوبہ گلگت بلتستان کیلئے وزیراعظم کے ترقیاتی پراجیکٹ کا حصہ ہے ، جی بی میں داعش کی موجودگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، خواہش کو خبر بنانے کی کوشش نہ کی جائے ۔اس موقع پر سی ای او پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی عامر محی الدین نے کہا کہ یہ اپارٹمنٹس 3منزلہ ہوں گے،وہاں زلزلوں کے خطرات کی وجہ سے ہائی رائز بلڈنگ کی طرف نہیں جائیں گے ، کوشش ہے کہ دو بیڈ روم والے اپارٹمنٹ کی لاگت 35لاکھ سے زیادہ نہ ہو، تاہم حتمی قیمت کا تعین پی سی ٹو کے بعد فائنل ہو گا۔