Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانٹیکس چوری کا بڑا اسکینڈل، ایف بی آر نے ملوث کمپنی کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

ٹیکس چوری کا بڑا اسکینڈل، ایف بی آر نے ملوث کمپنی کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کاسمیٹک سیکٹر میں پکڑے جانے والے کروڑوں روپے کی مبینہ ٹیکس چوری کے بڑے اسکینڈل میں ملوث کاسمیٹکس کمپنی کے ملک بھر میں بڑے ڈسٹری بیوٹرز کا ریکارڈ حاصل کرکے نوٹس جاری کرنا شروع کردیئے ہیں۔

ایف بی آر حکام کے مطابق کاسمیٹکس سیکٹر میں پکڑے جانیوالے کروڑوں روپے کی مبینہ ٹیکس چوری کے بڑے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کمپنی کا سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل ہونے کے باوجو د ’فارول کاسمیٹکس‘ نامی کمپنی کی جانب سے وائنڈرز کے ذریعے مصنوعات تیار کرکے سپلائی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف بی آر نے کروڑوں روپے مصنوعات فروخت کرنے والے کراچی، لاہور، راولپنڈی، سکھر اور حیدر آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں قائم کمپنی کے بڑے ڈسٹری بیوٹرز کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔

ڈائریکٹریٹ اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کے حکام کا کہنا ہے کہ آٹھ سے زائد ڈسٹری بیوٹرز کا ریکارڈ حاصل کرکے متعدد ڈسٹری بنیوٹرزکو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ فارول کاسمیٹکس نامی کمپنی کے ریجنل ٹیکس آفس پشاور نے چارٹرڈ اکاونٹنٹ کے ذریعے جواب دینے کیلئے وقت مانگا ہے اور ایف بی آر نے فارول کاسمیٹک پشاور کو نوٹس جا جواب دینے کیلئے وقت دیدیا گیا ہے۔

دوران تحقیقات ایف بی آر کو کمپنی کے بڑے ڈسٹری بیوٹرز کا ریکارڈ ملا ہے اور کراچی سے تعلق رکھنے و الے اے یو ٹریڈرز نامی ایک ڈسٹری بیوٹرز کی طرف سے صرف جولائی 2022 میں پچاس کروڑ روپے کے لگ بھگ مالیت کی انعامی قرعہ اندازی کئے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

ڈائریکٹریٹ اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈریونیو حکام کا کہنا ہے کہ فارول کاسمیٹکس کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل ہونے کے باوجود وائنڈرز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مصنوعات غیر قانونی طور پر مینوفیکچرنگ کرواکر مارکیٹ میں فروخت کی جارہی ہیں، جس سے کروڑوں روپے کی مزید ٹیکس چوری ہورہی ہے۔

شیئر