Tuesday, April 16, 2024
ہومپاکستانسارے معاملات طے ، وزیراعظم، آرمی چیف کی ملاقاتیں انہونی نہیں، فواد

سارے معاملات طے ، وزیراعظم، آرمی چیف کی ملاقاتیں انہونی نہیں، فواد

اسلام آباد ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور وزیر اعظم کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ، آج بھی ملاقات ہوئی ہے ، اپوزیشن الیکشن اصلاحات کے بجائے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے کی بات کرتی ہے ، مولانا فضل الرحمان چلے ہوئے کارتوس ہیں ۔
پیرکو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیر اعظم کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ۔ آج بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ سارے معاملات طے پا چکے ہیں ۔ ہم کسی اور سیارے میں نہیں رہ رہے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں انہیں صرف احتجاج کرنے کا بہانہ چاہیے ۔ ہر بات پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے ۔ اپوزیشن کے پاس مہنگائی کے حوالے سے کوئی متبادل بل ہے تو پیش کریں ۔ احتجاج کرنے والوں نے اپنے دور میں اتنے قرضے نہ لیے ہوتے تو حالات آج بہتر ہوتے ۔ اس سال حکومت 12 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کر رہی ہے ۔ اس وقت سندھ میں صرف آٹے کی قیمتیں زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جمہوریت پسند لوگ نہیں صرف ڈیل کی تلاش میں ہیں ۔ اپوزیشن کی دکانیں چل نہیں رہیں ۔ اپوزیشن کی کوئی پالیسی نہیں صرف عمران خان کو برا بھلا کہنا ہے۔ اپوزیشن کا کام ہر بات پر مر گئے برباد ہو گئے کہنا ہے ۔ اپوزیشن کی کوئی سیاسی سوچ نہیں نہ ہی ان کی کوئی انتظامی معاشی پالیسی ہے ۔ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ حکومت اور فوج میں اختلافات پیدا ہوں ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چلے ہوئے کارتوس ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے ۔ پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو ہمارے ہاں بھی اوپر جائیں گی ۔ مہنگائی کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔