10

شرجیل میمن اور علی ڈار نواز، زرداری کے پیسوں کے پہرے دار ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات منظرعام پر آنے کے بعد ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ شرجیل میمن اور اسحق ڈار کے بیٹے علی ڈار جو(نوازشریف کے داماد بھی ہیں)کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ نواز شریف اور زرداری کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پنڈورا لیکس سے نواز زرداری کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں، قوم نے پہلے پانامہ اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اترتا دیکھا۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ پینڈورا پیپرز تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی۔اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جارہا ہے کہ ICIJ کی ایک اور تحقیق سامنے آرہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے امیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ پاناما کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں