Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستاناسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات، وزارت سائنس کی ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت

اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات، وزارت سائنس کی ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جوابی خط ارسال کردیا۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے جواب میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت کی۔ جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود مشین تیار نہیں کر سکتی، جو مشینیں بطور ماڈل دکھائی گئی تھی وہ پرائیویٹ کمپنی کی تیار کردہ تھیں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ابھی تک کوئی الیکٹرانک مشین کی خریداری تک نہیں کی۔وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذرائع نے بتایا کہ مشینوں کو پیپرا قوانین کے تحت خریدنا الیکشن کمیشن کا ہی استحقاق ہے، الیکشن کمیشن مروجہ قوانین کے تحت آنے والے انتخابات کے لیے مشینوں کی خریداری کا عمل شروع کرے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے پروجیکٹ کے لیے پی سی ایس آئی آر میں جگہ فراہم کی جائے گی جبکہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے معاملے پر تمام قانونی تعاون کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت اینڈ ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ کمپنیوں سے ای وی ایم مشینوں کی خریداری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 3900 مشینیں طلب کی ہوئیں ہیں۔