Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانوزارت سائنس کااسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم فراہم کرنیکا فیصلہ

وزارت سائنس کااسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم فراہم کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد ،وفاقی حکومت نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن مکمل طور پر ای وی ایم سے کرانے کا فیصلہ کر لیا ، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے الیکشن کمیشن کے مطالبے پرتین ہزار 9سو ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کا فیصلہ ، الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر ای وی ایم کی فراہمی کے ٹائم فریم سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کے مطالبے پر اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنیکا فیصلہ کر لیا ، جنوری سے اپریل تک الیکشن کمیشن کو مرحلہ وار3 ہزار9 سو ای وی ایم فراہم کی جائیں گی ۔ ذرائع وزارت کے مطابق الیکشن کمیشن کو 31جنوری تک 5 ای وی ایم مشین فراہم کر دی جائیں گی ، 15مارچ تک الیکشن کمیشن کو فراہم کی جانے والی ای وی ایم کی تعداد بڑھا کر 45کر دی جائے گی ، 10اپریل تک مزید 2ہزار مشینیں فراہم کی جائیں گی ، وزارت سائنس کی ٹیکنیکل ٹیم الیکشن کمیشن کے اسٹاف کوٹریننگ اورتکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گی، الیکشن کمیشن کو باقاعدہ مراسلہ بھجوا کر ٹائم فریم سے متعلق آگا ہ کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میئر کے انتخاب کیلئے 3900 ای وی ایم مانگی تھیں، میئر کے انتخاب میں 800 پولنگ بوتھ پر 3100 مشینیں استعمال ہوں گی جبکہ الیکشن کمیشن 800 مشینیں بطوربیک اپ رکھے گا۔