Tuesday, April 16, 2024
ہومپاکستانانگلینڈ کا دورہ پاکستان بھی مشکوک ہو گیا ، فیصلہ 48 گھنٹوں تک متوقع

انگلینڈ کا دورہ پاکستان بھی مشکوک ہو گیا ، فیصلہ 48 گھنٹوں تک متوقع

اسلام آباد /لندن (قیصر ستی )نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عین میچ کے وقت دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ دورہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ 24 سے 48گھنٹوں میں کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں جمعے کو انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں سکیورٹی الرٹ کے باعث نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے کا علم ہے۔برطانوی اخبار دا مرر کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکمل طور پر صورت حال سمجھنے کے لیے ہم پاکستان میں گرانڈ پر موجود اپنی سکیورٹی ٹیم سے رابطے میں ہیں۔انگلش کرکٹ بورڈ آئندہ 24سے 48گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا کہ طے شدہ دورہ ہوگا یا نہیں۔انگلینڈ کو رواں سال اکتوبر میں 16سال بعد دو ٹی 20میچز کھیلنے آنا ہے۔ یہ میچز پہلے 14اور 15اکتوبر کو کراچی میں ہونے تھے تاہم بعد میں یہ میچز راولپنڈی منتقل کردیے گئے تھے۔ دوسری طرف برطانیہ کے ہائی کمیشن نے نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کے فیصلے میں کسی بھی قسم کے کردار کومسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فیصلے سے برطانیہ کے ہائی کمیشن کا کوئی تعلق نہیں ہے اس سے قبل میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی میں برطانیہ نے کردار اد ا کیا ہے آسٹریلیا کے کرکٹ صحافی نے اعلان کیا تھا کہ برطانیہ کے ہائی کمیشن نے نیوزی لینڈ کیساتھ سکیورٹی معاملات شیئر کیے تھے ،تاہم برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ یہ نیوزی لینڈ کا اپنا فیصلہ ہے ہمیں احساس ہے کہ پاکستان میں کرکٹ شائقین کیلئے بہت بری خبر ہے۔