dr abdul qadeer khan 24

ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے

اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے ہیں۔ اسلام آباد کے کے آر ایل ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اتوار کی صبح طبعیت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ یکم ستمبر کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایک ترجمان نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں 26 اگست کو کے آر ایل منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936 میں بھوپال میں پیدا ہوئے تھے اور 1947 میں ہجرت کر کے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔ انہوں نے 1967 انجینیئرنگ کی ڈگری نیدرلینڈ کی ایک یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔ اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے مغربی جرمنی اور ہالینڈ چلے گئے۔ سنہ 1972 میں بیلجیئم کی کیتھولک یونیورسٹی آف لیوین سے میٹالرجیکل انجنیئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ اے کیو خان کے نام سے معروف عبدالقدیر خان کو ’پاکستان کے جوہری پروگرام کا بانی‘ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹری (ای آر ایل) کی بنیاد رکھی جس کی مدد سے ملک میں یورینیم کی افزودگی میں مدد ملی۔ اس ادارے کا نام سنہ 1981 میں خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) رکھ دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو دو بار نشان امتیاز جبکہ ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں