Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانڈپٹی کمشنر گلگت نے شہید سیف الر حمن ہسپتال کا تفصیلی جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر گلگت نے شہید سیف الر حمن ہسپتال کا تفصیلی جائزہ لیا

گلگت(آئی پی ایس)ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) اُسامہ مجید چیمہ نے شہید سیف الر حمن ہسپتال کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر گلگت کے دورے کے ہمراہ ایکسیئن بلڈنگ گلگت، ایم ایس سٹی ہسپتال گلگت،اسسٹنٹ کمشنر گلگت، ایس ڈی او بلڈنگ ڈویژن، تحصیلدار گلگت اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر گلگت نے شہید سیف الر حمن ہسپتال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس دوران ایم ایس سٹی ہسپتال نے ہسپتال کے مسائل سے ڈپٹی کمشنر گلگت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے لئے روڈ نہ ہونے کی وجہ سے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اور شہید سیف الرحمن ہسپتال کی بلڈنگ تقریبا مکمل ہو چکی ہے۔

ایکسیئن بلڈنگ نے ڈپٹی کمشنر گلگت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے دونوں اطراف روڈ کے لئے سکیم رکھی گئی ہے جو بہت جلد روڈ کا کام شروع کہا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال کا کام 95% مکمل ہوا ہے اور بلڈنگ کا کام بھی دس دنوں میں مکمل کیا جائیگا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر گلگت نے ہسپتال کی بلڈنگ کے حوالے سے ایکسیئن بلڈنگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی بلڈنگ کے بقیہ کاموں کے لئے دس دن کا ٹائم دیا گیا ہے اور جلداز جلد معیار کے مطابق مکمل کرائیں اور دونوں اطراف روڈ کے تعمیراتی کاموں کو بھی فوری طور پر شروع کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر گلگت نے موقع پر ہسپتال کے دونوں اطراف روڈ کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گلگت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کے حوالے سے تمام تر کاغذات کو جلداز جلد مرتب کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ کسی قسم کی ایمرجنسی کے دوران ایمبولنسز کی آمد ورفت میں دشواری نہ ہوسکے۔