Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانداتا گنج بخش علی ہجویری کے 978 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

داتا گنج بخش علی ہجویری کے 978 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

لاہور(آئی پی ایس )عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 978ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا، صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن نے مزار پر چادر پوشی کرکے افتتاح کیا، ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 978 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغازہو گیا۔ وزیراوقاف پنجاب پیر سید سعید الحسن نے مزار پر چادر پوشی کر کے عرس تقریبات کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر وزارت مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار خالد سندھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکے، سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات پہلے سے زیادہ بہتر ہیں۔ حضرت داتا گنج بخش سے محبت کا مطلب یہ ہے کہ ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔سالانہ عرس پر داتا دربار کو دلکش پھولوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ مرد و خواتین زائرین کی بڑی تعداد دربار پر حاضری کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ زائرین نے ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈال کر صوفی بزرگ سے عقیدت کا اظہار کیا، زائرین کے لئے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے۔حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے سالانہ عرس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، دربار کو جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، زائرین کو واک تھرو گیٹ سے چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔