Thursday, March 28, 2024
ہوماسلام آبادتحصیل بورےوالا میں بلدیہ کی صفائی مہم

تحصیل بورےوالا میں بلدیہ کی صفائی مہم

وہاڑی(نمائندہ خصوصی) تحصیل بورےوالا چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری عاشق آرائیں کے احکامات پر بورےوالا میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری عاشق آرائیں کی طرف سے شہر اور اس کی نواحی آبادیوں کو گندگی سے پاک کرنے کے لئے وارڈز نمبر 21 ، 22 ، 23 ، 24 اور 25 میں صفائی مہم کے سلسلہ میں کیمپ آفس لگایا اور صفائی مہم کا آغاز کیا گیا جس کی نگرانی چیئرمین چوہدری عاشق آرائیں نے خود کی۔ اس موقع پر چیف آفیسر اکرم واہلہ ، سینئر سپرٹنڈنٹ ماجد یوسف ، کونسلرز ، سینٹری انسپکٹرز اور عملہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔5 وارڈز میں 5 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جس میں تمام سینٹری سٹاف معہ مشینری نے اس خصوصی مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین چوہدری عاشق آرائیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 5 وارڈز کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر ہو گی اور روزانہ کی بنیاد پر شہر کی صفائی اور گلی محلوں میں تجاوزات کے خاتمہ کی یہ مہم باقاعدگی سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی ناگفتہ حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ گندگی کا خاتمہ کرکے شہر کو صاف ستھرا بنایا جا سکے۔ اس موقع پر لوگ زیادہ حیران اس بات پر تھے کہ وہ نہ ہی کسی سیاسی شخصیت کے پاس گئے اور نہ ہی کسی کو کسی قسم کی تحریری درخواست دی مگر اس کے باوجود چیئرمین میونسپل کمیٹی بورےوالا کے فیصلے اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے حکم پر بلدیہ ملازمین کی جانب سے سڑکوں ، گلیوں اور نالیوں کی مکمل صفائی کرنے کی خاص مہم شروع کی گئی ہے۔ اس موقع پر شہریوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری عاشق آرائیں ، چیف آفیسر اکرم واہلہ ، سینئر سپرٹنڈنٹ ماجد یوسف ، سینٹری انسپکٹرز اور عملے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔