Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاناسلام آباد میں بلی کو پھانسی دینے پر شہری گرفتار

اسلام آباد میں بلی کو پھانسی دینے پر شہری گرفتار

اسلام آباد، وفاقی دارالحکومت میں بلی کو پھانسی دینے پر شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کے علاقے بحریہ ٹاون فیز فائیو میں سفاک شہری نے بلی کو مار دیا۔ ملزم نے بلی کو لوہے کی سیڑھی کے ساتھ لٹکا دیا۔ سوشل میڈیا پر بلی کو پھانسی لگا کر لوہے کی سیڑھیوں سے ٹانگنے کی تصویر وائرل ہو گئی۔ تھانہ لوہی بھیر پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے خلاف رہائشی خاتون انیلہ عمیر نے تھانے میں تحریری درخواست دی تھی جس پر ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 429 اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتارکر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے سفاک شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے پر لوگوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور متعلقہ پولیس حکام سے نوٹس لینے اور ملزم کے خلاف بے زبان جانور پر وحشیانہ تشدد پر سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے بھی واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی۔