Friday, April 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزآٹھ فروری کو ووٹ پر پہرا دیں، پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی۔چودھری نثار

آٹھ فروری کو ووٹ پر پہرا دیں، پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی۔چودھری نثار

چکری (نیوز ڈیسک) سینئر سیاستدان و سابق رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ 8 فروری کو ووٹ پر پہرا دیں کیونکہ پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی۔

اتوار کے روز چکری میں اپنے حلقہ کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ لوگوں آکر دیکھو کس طرح چکری والوں نے وفا کی، مجھے کسی پارٹی کے ٹکٹ کی ضرورت بالکل نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں آزاد الیکشن لڑنا مشکل ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر میں نے کام نہیں کیا تو بے شک کسی اور کو ووٹ دیں، میرے علاقہ میں آج پل بھی ہیں اور بجلی بھی ہے، مخالفین نے ہمارے علاقے کی کوئی خدمت نہیں کی، میرے باپ دادا نے علاقہ کے خدمت کی، اب میرا بیٹا کرے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ میرے خلاف کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، 8 فروری کو ووٹ پر پہرا بھی دینا ہے ، پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی، ہر پولنگ اسٹیشن سے نتیجہ لے کر آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزت عہدے سے نہیں لوگوں سے آتی ہے، پاکستان پر مشکل وقت ہے ، اوپر والا ملک کو حفاظت میں رکھے، عوام کی اجازت سے ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ چوہدری نثار علی خان آزاد حیثیت سے راولپنڈی کے حلقہ این اے 53، این اے 54 اور پی پی 10 سے امیدوار ہیں۔