Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانشہریوں کا سی ڈی اے کی میونسپل سروسز فراہمی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

شہریوں کا سی ڈی اے کی میونسپل سروسز فراہمی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) کی انتظامیہ نے شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر عوامی رائے سروے کے ذریعے حاصل کی ہے۔عوامی رائے جانچنے کے لیے سی ڈی اے کا یہ پہلا سروے ہے جس کا مقصد شہریوں سے ادارے کی کارکردگی فیڈ بیک لینا ہے تاکہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ اس سروے کے مطابق مجموعی طور پر مختلف سروسز کے حوالہ سے ساٹھ فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ چالیس فیصد نے کارکردگی کو مزید بنانے کے حوالہ سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ شہریوں نے اسلام آباد کے گرین ایریاز کو برقرار رکھنے،پودوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا ساٹھ فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سٹریٹ لائیٹس کی بحالی کے حوالہ سے پینسٹھ فیصد لوگوں نے،سرکاری املاک پر قبضے اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالہ سے سی ڈی اے کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی ساٹھ فیصد لوگوں،فٹ پاتھوں کی بحالی پرستاون فیصد لوگوں، لائن مارکننگ پراٹھاون فیصد لوگوں، کوڑے کرکٹ کو تلف کرنے اور بروقت اٹھانے کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال پرپینتالیس فیصد لوگوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ سٹریٹ لائیٹس کی بحالی اور تبدیلی پر سب سے زیادہ تہتر فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیاجبکہ صفائی کے حوالہ سے چونسٹھ فیصد لوگوں نے جبکہ روڈ ڈرینج اور سڑکوں کی مرمت و بحالی کے بارے میں چونتیس فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ممبر ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ سی ڈی اے نے شہری علاقہ کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور اسے تلف کرنے کا مربوط نظام وضع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ایک ہزار ٹرالیاں اوردو سوسکپس شہر کے مختلف مقامات پر رکھے گئے ہیں جبکہ مزید 150 سکپس اور 500 ٹرالیاں رکھنے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ انوائرنمنٹ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ممبر فنانس نے بتایا کہ اب تک تقریبا230 پارکس بحالیاتی کے کام مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پارکس اور گرین ایریاز میں واکنگ ٹریکس سمیت دیگر سہولتوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایف نائن پارک میں بحالی کے کام مکمل کیے جا رہیں جس میں اب تک ایف نائن پارک میں لگی لائٹس کی بحالی کے علاوہ سول ورک،کرکٹ گراونڈ کی اپ گریڈیشن کے سمیت تزئین و آرائش کے کئی کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ممبر فنانس نے مزید بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائد اعظم پورٹریٹ کے پاس،ایچ ایٹ، ڈپلو میٹک انکلیو، پارک انکلیو سمیت اسلام آباد ہائی وے کے ساتھ مزیدنئے پارکس بنائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی مشترکہ ڈمپنگ سائٹ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جہاں جدید سائنٹفک طریقوں سے کوڑا کرکٹ کو تلف کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کہ طویل مدتی منصوبوں کے علاوہ قلیل المدتی منصوبوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں دو نئے ڈیموں کی تعمیر کے علاوہ آٹھ نئے ٹیوب ویل اور چھ خراب ٹیوب ویلوں کو ٹھیک کرادیا گیا جس سے پانی کی شکایات میں نمایاں کمی آئی ہے۔