Friday, March 29, 2024
ہوماسلام آبادسی ڈی اے کی اسلام آباد کو سرسز اور خوبصورت بنانے کیلئے شجرکاری مہم زور و شور سے جاری

سی ڈی اے کی اسلام آباد کو سرسز اور خوبصورت بنانے کیلئے شجرکاری مہم زور و شور سے جاری

اسلام آباد،وفاقی دارالحکومت کو مزید سر سبز، خوبصورت اور پرکشش بنانے کیلئے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)کی انتظامیہ کی ہدایت پر سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ (ماحولیات)کی مون سون میں شجرکاری مہم زور وشور سے جاری ہے، شعبہ انوائرمنٹ پھول اور پودے اسلام آ باد کی تمام شاہراہوں، گرین بیلٹس، سڑکوں کے اطراف سلوپس، چوراہوں، نالوں کے اطراف اور اسلام آباد کے تمام پارکس میں لگارہی ہے ،اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اور متعلقہ سٹاف میں ڈیوٹیاں بھی تقسیم کردی گئی ہیں
شجرکاری فاطمہ جناح پارک، پارک انکلیو، ڈپلومیٹک انکلیو، سری نگر ہائی وے، نائینتھ ایونیو، ٹینتھ ایونیو، الیون ایونیو، مارگلہ روڈ، مارگلہ ہلز، نیشنل پارک، اسلام آباد ہائی وے، ایکسپریس ہائی وے سمیت اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں بھی کی گئی ہے ،مزید براں سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کو بھی شجرکاری مہم کا براہ راست حصہ بنایا جارہا ہے اور طلبہ و طالبات میں مفت پودے فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،علاوہ ازیں شجرکاری مہم میں شہریوں کو شامل کرنے کے حوالے سے شہر کے مختلف مقامات پر پھولوں اور پودوں کے سٹالز لگائے جارہے ہیں تاکہ شہری شجرکاری مہم میں براہ راست شامل ہوسکیں،اس ضمن میں اتوار کے روز وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی تعلیمی ادارے کے طلبہ وطالبات نے براہِ راست شجرکاری مہم میں اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سیکٹر ڈی ٹوئلیو، گولڑہ انٹرچینج، جی الیون گرین بیلٹ بالمقابل سری نگر ہائی وے پر نجی تعلیمی ادارے کے طلبہ و طالبات نے سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ(ماحولیات)کی مدد سے دس ہزار سے زائد پودے لگائے ،علاوہ ازیں سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ نے پچھلے تین دن میں اسلام آباد کے سیکٹر آ ئی ایٹ، نائنتھ ایونیو اور سیکٹر ایف ٹین میں میاواکی جنگلات بھی تشکیل دئیے ہیں تاکہ اسلام آباد کی زمین کو غیر قانونی تجاوزات سے پاک بھی رکھا جاسکے اور ماحول کو مزید خوبصورت اور پرکشش بھی بنایا جاسکے۔