Friday, April 19, 2024
ہوماسلام آبادپارک انکلیو میں مرکزی جامع مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب کچھ دنوں میں متوقع

پارک انکلیو میں مرکزی جامع مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب کچھ دنوں میں متوقع

اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)کی انتظامیہ کی جانب سے پارک انکلیو میں شہریوں کے مذہبی و دینی فرائض کی ادائیگی کے لئے مرکزی مسجد کی تعمیر کے لئے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس کی سنگ بنیاد کی تقریب آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے، واضح رہے یہ مسجد جدید اور اسلامی فن تعمیر کا شاہکار ہوگی، جسمیں 2500 نمازی بیک وقت باجماعت نماز کی ادائیگی کرسکیں گے، جبکہ اس مسجد کی تعمیر پر گیارہ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، مرکزی مسجد پارک انکلیو ون میں تعمیر کی جائے گی ۔
واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے سے پارک انکلیو میں ترقیاتی کام کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر سست روی کا شکار تھے، مگر موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی شب و روز محنت سے ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، ان ترقیاتی کاموں میں مرکزی شاہراہیں، رابطہ سڑکیں، گرین بیلٹس، سیورج کا نظام، گلیاں، سٹریٹ لائٹس، پارکس، کلوٹس سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔مزیدبرآں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر متعلقہ شعبوں نے پارک انکلیو میں شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمرشل ایریا کی تعمیر بھی تیزی سے شروع کردی گئی ہے، جبکہ سی ڈی اے انتظامیہ نے پارک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کے احکامات بھی متعلقہ شعبوں کو جاری کر دئیے ہیں۔