Friday, April 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اے : ملازمین کے لیے سال 2023کے حج کی قرعہ اندازی

سی ڈی اے : ملازمین کے لیے سال 2023کے حج کی قرعہ اندازی

اسلام آباد:سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق سی ڈی اے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے سال 2023کے حج کی قرعہ اندازی کر دی گئی،قرعہ اندازی کے مطابق 48مرد اور 02خواتین ملازمین بمعہ محرم حج کی سعادت حاصل کریں گے،حج کی قرعہ اندازی کے لیے تقریب سی ڈی اے چیئرمین آفس میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر)نورالامین مینگل،سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین،ممبرفنانس سید مظہر حسین شاہ،ممبر انجینئرنگ سید منورشاہ،ممبراسٹیٹ محمد افنان عالم خان،ڈی جی ایچ آر ڈی قیصر عالم خٹک،ڈائریکٹر لیبر ریلیشن عبدالحکیم بریرو سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران و نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی

،اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) نورالامین مینگل نے قرعہ اندازی میں کامیاب ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس مبارک سفر کے لیے منتخب ہوئے ہیں بلا شبہ وہ اللہ تعالی کے مہمان اور پسندیدہ لوگ ہیں جہاں وہ اپنی بخشش کے لیے دعا کریں گے وہاں وہ اپنے ادارے، اسلام آباد اور خاص طور پر اپنے ملک کے استحکام اور تعمیر و ترقی کے لیے بھی دعا کریں گے، انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات اٹھانے کے لیے بھر پور کردار ادا کرے گی

، اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران کا شکریہ اداکرتے ہوئے اور خوش نصیب عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ادارے میں باہمی محبت اور یگانگت کے ساتھ اسلام آباد کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام مسائل کا حل نکالا ہے، ہم حج کی قرعہ اندازی کے انعقاد پر چیئرمین سی ڈی اے،بورڈ ممبران اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ جماعت ہے اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ انتظامیہ سی بی اے کے ساتھ مل کر باقی ماندہ مسائل کو فوری طور پر حل کرے گی۔