Thursday, March 28, 2024
ہومپاکستانسی ڈی اے، E-12/1 میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے ٹینڈرز کی منظوری

سی ڈی اے، E-12/1 میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے ٹینڈرز کی منظوری

اسلام آباد(آئی پی ایس ) سی ڈی اے کی انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12/1 میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے ٹینڈرز کی منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن میں ٹینڈرز اخبارات میں جلد ہی شائع کردئیے جائیں گے۔ جبکہ سی ڈی اے کے انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن ونگ نے سیکٹر E-12/1 کے ڈیزائن اور تخمینے کو حتمی شکل بھی دے دی ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے E-12/1 کے ترقیاتی کاموں کے لئے 574 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق E-12/1 کے ترقیاتی کاموں میں سیوریج نیٹ ورک، ڈرینج سسٹم، واٹر سپلائی سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔واضح رہے اس سے قبل بھی سی ڈی اے انتظامیہ سیکٹر E-12/4 کے ترقیاتی کاموں کے لئے 418 ملین روپے کے ٹینڈرز جاری کرچکا ہے۔ مزکورہ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کے آغاز اور تکمیل سے مذکورہ سیکٹر کے الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جا سکے گا جو اسلام آباد میں گھر بنانے کے لئے برسوں سے انتظار کررہے ہیں۔ مزیدبرآں اس سیکٹر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ترقیاتی کام تعطل کا شکار تھے جو موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں سے اب شروع ہو رہے ہیں۔