46

شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں گرفتار

ممبئی، بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں این سی بی نے حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی)نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر منعقد ہونی والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارا اور چھاپے کے دوران دس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایک بڑے بالی ووڈ اداکار کے بیٹے کو اس معاملے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ایک بھارتی چینل ای ٹائمز نے آج صبح این سی بی کے ایک سینئر عہدیدار سے بالی ووڈ اداکار کے بیٹے کو حراست میں لینے کی تصدیق کی اور یہ بات سامنے آئی کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو این سی بی حکام نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔این سی بی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس پر تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیش کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ آریان خان کو پوچھ تاچھ کے لیے لے جایا گیا ہے اور این سی بی حکام اس سے کروز شپ پر ہونے والی ریو پارٹی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کررہے ہیں۔تاہم این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وان کھیڑے کا کہنا ہے کہ آریا ن خان پر فی الحال کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی بی آریان سے صرف پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ اس کے علاوہ این سی بی نے کروز پارٹی کی منصوبہ بندی کرنے والے چھ منتظمین کو بھی طلب کیا ہے۔این سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ آریان خان کا فون ضبط کرلیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے فون کی اسکیننگ کی جارہی ہے تاکہ اس کے منشیات کے قبضے یا منشیات کیاستعمال میں ملوث ہونے کے سلسلے میں جانچ پڑتال کی جاسکے۔تین لڑکیاں جو دہلی سے کروز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے پہنچی تھیں انہیں بھی حراست میں لیا گیا ہے اور ان تینوں لڑکیوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ یہ تینوں لڑکیاں بھارت کے نامور بزنس مین کی بیٹیاں ہیں۔گزشتہ روز اے این آئی نے ممبئی کے ساحل پر موجود کروز شپ پر منعقد ہونے والی پارٹی میں چھاپہ مارنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے چھاپے کے دوران کم از کم 10 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ایک اور بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق این سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کروز شپ پر کوکین، ایکسٹسی، میفڈرون اور چرس جیسی منشیات برآمد ہوئی ہیں اور کیس رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس معاملے میں ان کے کردار کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں