Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانصدر مملکت نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کاافتتاح کر دیا

صدر مملکت نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کاافتتاح کر دیا

دبئی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف ثقافتوں، نسل اور تہذیبوں کا حسین امتزاج ہے، دنیا میں پرامن ملک کے طور پر اس کی مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وہ ہفتہ کو یہاں دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کے پویلین کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین ثقافتی بقائے باہمی کی حقیقی عکاسی کرتا ہے اور باہر کی دنیا کیلئے یہ پاکستان کا ایک بہترین فلیور دے رہا ہے۔انہوں نے پویلین کو فن کا ایک بڑا حصہ بنانے پر فنکاروں کے کام کو سراہا۔ پاکستانی پویلین کا موضوع پوشیدہ خزانہ ہے۔ صدر نے پاکستانی پویلین کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اس کے تخلیقی ڈسپلے کو سراہا جس میں ملک کی غیردریافت شدہ دولت کی نمائش کی گئی ہے۔انہوں نے فنکاروں راشد رانا، نثار ملک، نورجہاں بلگرامی سے ثقافت، تاریخ اور دستکاری کے خوبصورت امتزاج کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد پویلین کے باہر جمع ہوگئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔