8

عالمی برادری پاکستان کا دورہ کرے اور پرامن ملک کو دیکھے، صدر مملکت

اسلام آباد،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاحت کا بین الاقوامی دن منانے کا مقصد عالمی برادری میں سیاحت کی اہمیت کے ساتھ ساتھ اس کی سماجی ، ثقافتی اور معاشی اہمیت کا اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر عالمی برادری کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کا دورہ کرے اور اس پرامن اور میزبان ملک کو دیکھیں ۔
عالمی یو م سیاحت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کو قدرتی مناظر، صدیوں پرانی متنوع ثقافت ، کلچر، عوام اور لذیز کھانوں سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو پرکشش قدرتی مناظر سے نوازا گیا ہے ، یہاں پر مختلف محل وقوع ، موسم ، مختلف علاقوں کے جانور ، نباتات کے ساتھ ساتھ سماجی اور ثقافتی تنوع سے لطف اندوز ہونے کے وسیع مواقع دستیاب ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاحت کی صنعت کی پائیدار ترقی کے حوالے سے دو رائے نہیں ہوسکتیں کیونکہ دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 1990میں معاشی بحران، سونامی اور زلزلوں وغیرہ کے بعد مشرق بعید کے کئی ممالک نے سیاحت پر انحصار کیا تاکہ اپنے پائوں پر ازسرنو کھڑا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ ملک میں چھوٹے کاروباروں اور سیاحت کی صنعت سے منسلک لوگوں کی معاشی بہتری کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے معاشرے جو کامیاب سیاحتی مقام بننے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اس میں جاری ترقیاتی عمل کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں وہ معاشی ترقی کے علاوہ دیگر بھرپور فائد سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں ملک میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے حکومت کی کاوشوں کو بھی سراہوں گا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک انتہائی اہم شعبہ تھا جس پر کافی لمبے عرصے سے توجہ نہیں دی گئی تھی تاہم موجودہ حکومت نے اس کی اہمیت کے پیش نظر جامع اقدامات کے ذریعے پالیسی سازی، وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان موثر اشتراک کار پیدا کرنے اور نجی شعبہ کی با معنی شراکتداری کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے سیاحت اور قیام و طعام کے شعبہ میں مراعات کے حوالہ سے رواں مالی سال 2021-22کے بجٹ میں کئے گئے اقدامات کی بھی تعریف کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششیں جاری رکھے تاکہ ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے فروغ اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اپنے شاندار ماضی اور مستقبل کے محافظ کی حیثیت سے بین الاقوامی برادری کے ہمراہ سیاحت کا عالمی دن منا رہے ہیں۔ اس وقت ہم پاکستان کو سیاحوں کی جنت بنانے کیلئے پر عزم ہیں ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ درحقیقت سیاحت کا عالمی دن 2021 جامع اقتصادی ترقی کے ویژن کے تحت سیاحت کی غیر معمولی صنعت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جو کئی ممالک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم شعبہ سے دنیا کے کئی ممالک پہلے ہی سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں اور پاکستان بھی سیاحوں کیلئے ایک ترجیحی ملک بن کر بین الاقوامی سیاحت کے نقشہ پر اہمیت اختیار کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے ، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور سرکاری و نجی شعبہ کے تمام شراکت د اروں کو بین الاقوامی ، علاقائی اور قومی سطح پر سیاحت کے فروغ کیلئے کی جانے والی جامع کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اپنے پیغام کے آخر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان دنیا کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں