12

پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ،بے وقت کی راگنی کوئی نہیں سنے گا ،سیونتھ ایونیو فلائی اوور 12ماہ،آئی جے پی روڈ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو گا، علی نواز اعوان

اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ 7th ایونیو انڈر پاس اور فلائی اوور پر کام 12 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، آئی جے پی روڈ پر کام میں 18 ماہ لگیں گے، پی ڈی ایم بے روزگاروں کا ٹولہ ہے
پیر کو 7th ایونیو پراجیکٹ سائٹ پر پراجیکٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 7th ایونیو انڈر پاس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور ایک سال کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور اور انڈر پاس کے بننے سے اسلام آباد کی ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی یہ ایک لینڈ مارک پراجیکٹ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آئی جے پی روڈ پر کام کا آغاز جلد ہوگا اور 10 کلو میٹر پر مشتمل تقریبا 5 ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ 18 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں پراجیکٹس پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے تحفہ ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تبدیل ہو رہا ہے وفاقی دارالحکومت کو شناخت ملی ہے ، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشور انسانیت ، خود داری اور انصاف کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے کو عزت دی ہے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں بعد شہر میں موسم گرما کے عروج پر بھی پانی کی شکایات نہیں آئیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے اتوار کے جلسے کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ایک ٹولہ ہے ،مولانا فضل الرحمن مریم نواز اور شہباز شریف کے بیانیوں کے بیچ میں ٹیپ ریکارڈ بنے ہوئے ہیں ،کبھی مریم اس میں کچھ بھرتی ہیں کبھی شہباز شریف۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ بے وقت کی راگنی کوئی نہیں سنے گا اور ہمیشہ کی طرح پی ڈی ایم کے یہ جلسے بھی ناکام ہوں گے۔ شہباز شریف کے سندھ کے حالات پر رونے پر تبصرہ کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ یہ مگر مچھ کے آنسو ہیں، 6 ماہ پہلے تک سندھ میں کون سی دودھ شہد کی نہریں بہہ رہی تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہ ای الیون کے حادثے کے بعد تین ہفتوں کے اندر ہم نے تین کمیٹیوں کی رپورٹس دے دی ہیں اور ایک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو مستقبل میں ایسے حادثات سے بچانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور مئیر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں