Thursday, April 25, 2024
ہومپاکستانصوبائی حکومت اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے مابین معاہدہ، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے پر دستخط

صوبائی حکومت اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے مابین معاہدہ، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے پر دستخط

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعلی گلگت بلتستان کی کاوشوں اور ہدایات کی روشنی میں صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحاتی اقدام۔
حکومت گلگت بلتستان اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے لیئے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر ایک معاہدے پر دستخط کردیئے۔

اس حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ متعدد مشاورتی اجلاسوں کے بعد طے پایا ہے تاکہ شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (GBRSP)/محکمہ صحت (DOH) گلگت بلتستان اور شفا فاؤنڈیشن، اسلام آباد، شفاءانٹرنیشنل ہاسپٹل لمیٹڈ، اسلام آباد اور ای سی آئی اسلام آباد کے درمیان معاہدے پرباقاعدہ دستخط کیے گئے ہیں۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا صحت عامہ کے شعبے میں اس اہم پیشرفت پر مزید کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق حکومت گلگت بلتستان، محکمہ صحت گلگت بلتستان کی طرف سے تجویز کردہ اور ضرورت کے مطابق صحت عامہ کے مختلف شعبوں کے ماہر 66 کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کر رہی ہے۔

معاہدے پر دستخط کی اس اہم تقریب میں ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ایڈوکیٹ نذیر احمد، وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید منوا، اور خواتین پارلیمنٹرینز جن میں ثریا زمان پارلیمانی سیکرٹری تعلیم، دلشاد بانو پارلیمانی سیکرٹری جنگلات،کلثوم فرمان پارلیمانی سیکرٹری صحت،کنیز فاطمہ پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان نے خصوصی شرکت کی۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب سے قبل فریقین کے درمیان اس اہم اصلاحاتی پروگرام کو کامیاب بنانے اور دیرپا باہمی اعتماد قائم کرنے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں ماہر ڈاکٹروں کی روٹیشن کے علاوہ گلگت بلتستان کے پیرا میڈیکس، بائیو میڈیکل ٹیکنیشن، نرسنگ سٹاف، ہاؤس کیپنگ وغیرہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی سینئر انتظامیہ کو یقین دلایا کہ اس شراکت داری کو کامیاب بنانے اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وہ براہ راست خود نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ یہ معاہدہ ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے کیا گیا ہے جسے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے۔یہ معاہدہ ماہر ڈاکٹروں کو اعلیٰ مراعات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریگا تاکہ وہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں خدمات سر انجام دے سکیں جہاں اس وقت طبی ماہرین کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہیں۔دستخط کی تقریب میں موجود گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت نے امید ظاہر کی کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ راوبطہ مزید مضبوط ہو نگے جس میں حکومت گلگت بلتستان اپنے عوام کیلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی بہترین سہولیات جیسے ٹیلی-آئی سی یو، ٹیلی- ریڈیولوجی،ٹیلی پیتھالوجی وغیرہ سے استفادہ یقینی بنائے گی۔یہ سنگ میل معاہدہ گلگت بلتستان کے صحت کے شعبے کو دور دراز علاقوں کے غریب لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں معاون و ممد ثابت ہو گا

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔