Wednesday, June 10, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپنجابحسن ابدال: اغوا برائے تاوان کیس کے مرکزی ملزم فرجاد عرف فاری کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

حسن ابدال: اغوا برائے تاوان کیس کے مرکزی ملزم فرجاد عرف فاری کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

حسن ابدال: تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کے ہاتھوں گرفتار بدنام زمانہ ملزم فرجاد عرف فاری کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ مجیب الرحمن شامی نے مقدمے کے ریکارڈ اور تفتیشی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع منظور کرتے ہوئے اسے دوبارہ پولیس تحویل میں دے دیا۔
تفتیشی دستاویزات اور پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم فرجاد عرف فاری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک خواجہ سرا کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اغوا کیا۔ دورانِ حراست مغوی کو دھمکیاں دے کر اس کے بینک اکاؤنٹ سے پانچ لاکھ روپے آن لائن منتقل کروائے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے مغوی کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کے دوران اس کا اے ٹی ایم کارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیا اور دو روز تک مختلف مقامات سے رقم نکلوا کر مالی فائدہ حاصل کرتے رہے۔
عدالت میں پیش کی گئی تازہ تفتیشی رپورٹ میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم ایک عادی اور شاطر جرائم پیشہ شخص ہے جو دورانِ تفتیش حقائق چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے سے متعلق مسروقہ رقم، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر اہم شواہد ابھی برآمد ہونا باقی ہیں۔
پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری اور مقدمے کے اہم پہلوؤں کی تکمیل کے لیے مزید تفتیش ناگزیر ہے۔ عدالت نے پولیس کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ پیشی پر تفتیشی پیش رفت اور ممکنہ برآمدگیوں سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔