غزہ (آئی پی ایس )شمالی غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری اور پابندیوں کی وجہ سے تمام اسپتال غیر فعال ہوگئے۔ عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی کی مسلسل بمباری، فیول سپلائی کی بندش، اسٹاف اور سپلائی نہ ہونے سے تمام اسپتال غیر فعال ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے جبالیہ مہاجرین کیمپ میں چیریٹی ایمبولینسز کو مسلسل قبضے میں لے رہی ہیں۔
ہلال احمر کے مطابق علاقے میں اسرائیلی فوج کی شدید شیلنگ اور اسنائپرز کی فائرنگ بھی جاری ہے۔ ہلال احمر کا کہنا ہیکہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کی شیلنگ کی وجہ سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے باعث میڈیکل ٹیموں کو فوری طور پر رفح کراسنگ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو خان یونس کو بھی خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ واضح رہیکہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار تک جا پہنچی ہے جب کہ 52 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔